امریکی ایوان میں سیکرٹ سروس ڈائریکٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی پر حملے کی زمہ داری قبول کر لی
امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سانس لینے کی بھی جگہ نہ تھی۔ ہر آنکھ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی اس کمیٹی کی کارروائی پر مرکوز تھی۔ سب کی نظریں سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل پر جمی تھیں جو پُر وقار انداز میں اپنا بیان ریکارڈ کروا رہی تھیں۔ان کے الفاظ میں ایک عجیب قسم کی سنجیدگی تھی، "ہم اپنی ذمہ داری پوری نہ کر سکے، سیکرٹ سروس ایجنسی سابق صدر کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔” یہ کہتے ہوئے انہوں نے پنسلوانیا میں ہونے والے اس حملے کو سیکرٹ سروس کی تاریخ کی اہم ترین آپریشنل ناکامی قرار دیا۔ سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں سیکیورٹی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرلی۔ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں سیکرٹ سروس ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل کی پیشی ہوئی۔
واضح رہے کہ 13 جولائی جب ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، اب بھی سب کے ذہنوں پر تازہ تھا۔ اس حملے میں جہاں سابق صدر زخمی ہوئے تھے وہیں دو بے گناہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس واقعے کے بعد سے ہی سیکرٹ سروس کو شدید تنقید کا سامنا تھا اور آج ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے خود اس ناکامی کا اعتراف کر کے ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا تھا۔کمیٹی روم میں موجود ہر فرد کے ذہن میں ایک ہی سوال گونج رہا تھا، کیا یہ واقعی ایک ناکامی تھی یا پھر کچھ اور؟ کیا واقعی سیکرٹ سروس اتنی کمزور ہوچکی ہے کہ وہ اپنے سابق صدر کو بھی تحفظ فراہم نہیں کر سکتی؟ یہ وہ سوالات تھے جن کے جوابات ابھی ملنا باقی تھے۔