سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے چیئرمین چودھری طارق سبحانی نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں صفائی کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پورے صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے۔ آئندہ دو ہفتوں میں دیہات میں ڈور ٹو ڈور کوڑا کلیکشن کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور کوڑے کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کیا جائے گا تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔
چودھری طارق سبحانی نے یہ بات یوسی سیداں والی کے موضع بال میں بلک ویسٹ لفٹنگ اور گلیوں و نالیوں کی صفائی کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ ان کے ساتھ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عمر امجد بیگ، سی او ضلع کونسل فدا میر، اے ڈی ایل جی محمد جمیل گل اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں سینٹری ورکرز، لوڈر رکشے، اور ہیوی مشینری فراہم کی جائے گی اور ضلع سیالکوٹ کے 1485 دیہات میں صفائی کا مربوط نظام متعارف کرایا جائے گا، جس میں ہر گاؤں کے لیے عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔
طارق سبحانی نے کہا مریم نواز کا مشن عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے اپنی چھت اپنا گھر، ہمت کارڈ، اور ستھرا پنجاب جیسے منصوبوں کو عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کا محور ہمیشہ عوامی مسائل کا حل اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری جماعت نے کبھی سیاسی مخالفین کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال نہیں کی جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی انتشار اور دھمکیوں کی سیاست کر رہی ہے جو نوجوانوں کی اخلاقیات پر منفی اثرات ڈال رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 17 ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ قیادت کا دورہ متوقع ہے لیکن سیاسی مخالفین کو یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی کیونکہ وہ ملک کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔
طارق سبحانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دونوں جماعتوں کا موازنہ کریں اور فیصلہ کریں کہ کون سی جماعت ملک و قوم کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔