ڈور وے ایفیکٹ!!! — ریاض علی خٹک
بہت چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جو کسی کی شخصیت کا بیانیہ بن جاتی ہیں. جیسے دوسروں کیلئے دروازہ کھول کر کھڑے ہو جانا. یہ دروازہ اگر آپ کھول سکتے ہیں تو دوسرا بھی کھول سکتا ہے. لیکن کسی کا یہ دروازہ آپ کیلئے کھول کر کھڑا ہونا آپ کو وہ عزت دیتا ہے جو بتا رہا ہوتا کہ آپ اہم ہیں آپ کا وقت اور توانائی اہم ہے.
چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی ہیں جو آپ کو اپنی سمجھ دیتی ہیں. جیسے ڈور وے ایفیکٹ ہو. آپ کچھ لینے دوسرے کمرے میں گئے لیکن جاکر بھول گئے لینے کیا آیا تھا. کیونکہ ہمارے دماغ کی ڈیزائینگ ایسی ہے کہ جب یہ کوئی دروازہ پار کرتا ہے منظر اور ماحول بدل جاتا ہے تو اس کو اپنی یادداشت ری ایڈجسٹ کرنی ہوتی ہے. ایسے میں وہ یہ بھول جاتا ہے میں یہاں آیا کیوں تھا.
ان چھوٹی چھوٹی باتوں کے چھوٹے چھوٹے حل ہوتے ہیں. جیسے کاپی میں کچھ لکھنا ہے لیکن قلم دوسرے کمرے میں ہے تو کاپی ہاتھ میں لے کر جائیں آپ کبھی قلم نہیں بھولیں گے. البتہ یہی چھوٹی باتیں زندگی کی بڑی بڑی باتیں سمجھاتی ہیں. مثلاً مایوسی کسی ایک مقام کسی ایک منظر کی ہوتی ہے. اسے ہی زندگی سمجھ کر زندگی سے مایوس ہوجانے کی بجائے کوئی دوسرا دروازہ کھول لیں. ماحول اور منظر جب بدل جائے گا تو زندگی پر آپ کی سوچ بھی بدل جائے گی.
زندگی سے مایوس لوگ کسی ایک ماحول اور منظر کے گرفتار لوگ ہوتے ہیں. ایسے میں دوسروں کیلئے دروازہ کھول کر کھڑے ہونے والے لوگ بہت عظیم ہوتے ہیں. ان کا یہ چھوٹا سا کام دوسروں کو اپنی ذات میں معتبر بنا دیتا ہے.