قومی کرکٹرز کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی تاریخ طے، انگلینڈ کب روانگی متوقع؟
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی کرکٹرز کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی تاریخ 22 جون طے ہو گئی
باخبر ذرائع کے مطابق پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ لاہور، کراچی ، راولپنڈی اور پشاور میں ہو گی ۔ قومی کرکٹرز کی ٹیسٹنگ کے لیئے پہلے 20 جون کی تاریخ شیڈول تھی ، دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے لیئے 25 جون کی تاریخ تجویز کی گئی ہے ۔
دوسری ٹیسٹنگ انگلینڈ روانگی کی تاریخ سے مشروط ہے۔ پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی روانگی کی تاریخ کو کل حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے ۔ انگلینڈ اور پاکستان کرکٹ حکام کے درمیان کل سیریز کے حوالے سے تمام معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔
باغی ٹی وی کے باخبر ذرائع کے مطابق 28 جون کو قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی متوقع ہے ۔ انگلش بورڈ کا جیٹ طیارہ 26 جون کو پہنچنے گا ۔حتمی۔شیڈول آئندہ ایک دوروز میں انگلش بورڈ جاری کرے گا
واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین اور ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔
دورہ انگلینڈ کے لیے طویل اور محدود، دونوں طرز کی کرکٹ کے نمایاں کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وسیع اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار کردہ ایس او پیز کے مطابق تمام کھلاڑیوں کی ایک ساتھ انگلینڈ روانگی اور پھر واپسی ہے۔
حیدر علی نے سیزن 2019-20 میں شاندار کارکردگی کی بدولت سیزن 2020-21 کے سینٹرل کنٹریکٹ کی ایمرجنگ کٹیگری میں جگہ حاصل کی تھی۔
حیدر علی نے جون میں جنوبی افریقہ کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز میں 317 رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بہترین بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے پانچویں بہترین بیٹسمین تھے۔ انہوں نے ایونٹ میں 218 رنز بنائے۔ نوجوان بیٹسمین نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنانے کے علاوہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 645 رنز بنائے۔ وہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین رہے۔ انہوں نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے 158 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 9 میچوں میں 239 رنز بنائے۔
حیدر علی کے علاوہ 29 رکنی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں اسپنر کاشف بھٹی بھی اپنے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔ وہ آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف اعلان کے کردہ اسکواڈ کا حصہ تھے مگر فائنل الیون میں جگہ نہ بناسکے۔ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اُدھر فاسٹ باؤلر سہیل خان کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنا نواں اور آخری ٹیسٹ میچ 2016 میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ آسٹریلیا میں کھیلا تھا۔ سہیل خان نے گذشتہ سیزن کے دوران قائد اعظم ٹرافی کے 9 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
29 کھلاڑیوں کے نام:
اوپنرز (4): عابد علی (سندھ)، فخر زمان (خیبر پختون خواہ)، شان مسعود (سدرن پنجاب) اور امام الحق (بلوچستان)
مڈل آرڈر بیٹسمین(9): اظہر علی، کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم (سینٹرل پنجاب)، بابر اعظم، نائب کپتان قومی ٹیسٹ ٹیم اور کپتان قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم (سینٹرل پنجاب)، اسد شفیق (سندھ)، فواد عالم (سندھ)، حیدر علی (ناردرن)، افتخار احمد (خیبر پختون خواہ)، خوشدل شاہ (خیبر پختون خواہ)، محمد حفیظ (سدرن پنجاب) اور شعیب ملک (سدرن پنجاب)
وکٹ کیپرز (2): محمد رضوان (خیبر پختون خواہ) اور سرفراز احمد (سندھ)
فاسٹ باؤلرز (10): فہیم اشرف (سینٹرل پنجاب)، حارث رؤف (ناردرن)، عمران خان (خیبر پختون خواہ)، محمد عباس (سدرن پنجاب)، محمد حسنین (سندھ)، نسیم شاہ (سینٹرل پنجاب)، شاہین شاہ آفریدی (ناردرن)، سہیل خان (سندھ)، عثمان شنواری (خیبر پختون خواہ) اور وہاب ریاض (سدرن پنجاب)
اسپنرز (4): یاسر شاہ (بلوچستان)، عماد وسیم (ناردرن)، کاشف بھٹی (سندھ) اور شاداب خان (ناردرن)
دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کے 29 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا