قومی کرکٹ ٹیم کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پر نئی اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل ایک رکن (جس کا گزشتہ ہفتے کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا) کے اب دو ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔لہٰذا وہ رکن 23 مارچ کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائے گا، جہاں 24 گھنٹے آئسولیشن میں گزارنے کے بعد اس کے اگلے 2 ٹیسٹ 24 مارچ کو کیے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگر ان دونوں ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آتے ہیں تو وہ رکن قومی اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوجائے گا۔ دوسری طرف، قومی اسکواڈ میں شامل بقیہ 34 اراکین کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ان تمام ارکان کی چوتھی اور آخری ٹیسٹنگ اب 24 مارچ کو ہوگی۔
قومی کرکٹ ٹیم چھبیس مارچ کو جنوبی افریقہ کیلئےروانہ ہوگی، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے مجموعی طور پر 32 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ شرجیل خان اور محمد حفیظ کی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فخر زمان ایک روزہ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔دوسری جانب ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کپتان بھی بابر اعظم ہی ہوں گے جبکہ شاداب خان کو نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان ، محمد حفیظ ، حیدر علی ،دانش عزیز ، آصف علی ، محمد نواز ،فہیم اشرف ، محمد وسیم جونئیر ، محمد رضوان ، سرفرازحمد ،شاہین شاہ آفریدی ، حارث روف محمد حسنین شامل ہیں جبکہ حسن علی ، ارشد اقبال اور عثمان قادر کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔