ٹوکیو: جاپان سے امریکی ریاست ٹیکساس جانے والی ایک پرواز میں دورانِ پرواز ایک مسافر نے جہاز کا ایگزٹ دروازہ کھولنے کی کوشش کی، جس کے باعث جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور مسافروں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب جاپانی ایئر لائن (ANA) کی پرواز چند گھنٹوں کے سفر کے بعد اچانک امریکی شہر سیئٹل کی جانب موڑنی پڑی۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مسافر کی جانب سے غیر قانونی طور پر جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہوئے اور جہاز کو فوری طور پر نیئر بائی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔پورٹ آف سیئٹل پولیس نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ پرواز کے دوران ایک شخص جہاز کے ایگزٹ دروازہ کھولنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس اور فلائٹ عملے نے مل کر فوری کارروائی کی اور اس مسافر کو قابو میں لے کر حالات کو کنٹرول کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص طبی مسائل کا شکار تھا اور اسی وجہ سے اس نے ایسا غیر متوقع عمل کیا۔
حکام نے بتایا کہ اس مسافر کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کا طبی معائنہ جاری ہے۔ تاہم، اس واقعے کے قانونی پہلوؤں پر ابھی کوئی واضح فیصلہ نہیں کیا گیا اور یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس پر کوئی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی یا نہیں۔ایئر لائن حکام نے کہا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سکیورٹی پروٹوکول کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔