بالی ووڈ کی اداکارہ نسیکا موٹوانی اور شوہر سہیل کتوریہ کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار و اداکار ہمیش ریشمیا کیساتھ فلم ’آپ کا سرور‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ ہنسیکا موٹوانی اور ان کے شوہر سہیل کتوریہ کی شادی سے متعلق خبریں گرم ہیں کہ دونوں کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہو چکے ہیں، شادی کے دو سال بعد یہ جوڑا مبینہ طور پر علیحدہ رہ رہا ہے ہنسیکا نے اپنی والدہ کے ساتھ رہائش اختیار کر لی ہے، جبکہ سہیل اپنے والدین کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد ہنسیکا اپنے شوہر سہیل کے والدین کے گھر مقیم تھیں۔ تاہم بڑے خاندان کے ساتھ رہنے میں مشکلات پیش آنے پر دونوں نے اسی عمارت میں ایک علیحدہ فلیٹ لے لیا تھا،تاہم علیحدہ رہائش کے باوجود دونوں میں مسائل رہے جس کے نتیجے میں دونوں نے علیحدہ رہنے کا فیصلہ لیا۔ تاہم جب بھارتی میڈیا کے ایک ادارے نے سہیل سے رابطہ کیا تو انہوں نے ان افواہوں کو "غلط” قرار دیا۔
دوسری جانب ہنسیکا کی طرف سے کسی قسم کا تبصرہ یا ردِ عمل تاحال سامنے نہیں آیا۔ سوشل میڈیا پر ہنسیکا اور سہیل کی علیحدگی کی خبریں تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ جس پر بھارتی صارفین کا کہنا ہے کہ ہنسیکا نے اپنی ’بہترین دوست‘ کو دھوکا دے کر اس کے شوہر (سہیل کتوریہ ) سے مبینہ تعلقات کے بعد شادی کی تھی اور اب انہیں کیے کا نتیجہ مل رہا ہے۔
بھارتی صارفین کے مطابق ہنسیکا نے اپنی بیسٹ فرینڈ رِنکی بجاج کو دھوکا دے کر اس کے شوہر سہیل کتھوریہ سے مبینہ تعلقات کے بعد شادی کی تھی،پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ہنسیکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شادی کی تمام پوسٹیں ہٹا دی ہیں۔
ہنسیکا کو رِنکی اور سہیل کی شادی میں ناچتے گاتے دیکھا تھا، بعدازاں جب ہنسیکا نے سہیل سے منگنی اور شادی کا اعلان کیا تو صارفین نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ نے اپنی بہترین دوست کا گھر خراب کرکے اس کے شوہر سے شادی کی۔
دوست کے شوہر سے شادی کرنے کی خبروں پر ہنسیکا موٹوانی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ صرف اس لیے کہ میں اس شخص کو جانتی تھی اس کا مطلب یہ نہیں کہ میری غلطی تھی، میرا ان دونوں کا رشتہ ختم ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے، میں ایک سلیبریٹی ہوں، اس لیے لوگوں کی جانب سے مجھے ولن بنانا اور قصوروار ٹھہرانا بہت آسان ہے، یہ وہ قیمت ہے جو مجھے ایک مشہور شخصیت ہونے کے لیے ادا کرنی پڑتی ہے۔