ضلع کرم :ڈاکٹر عدنان روس سے ڈاکٹریٹ آف جنرل سرجری کا گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب

ضلع کرم ( باغی ٹی وی رپورٹ ) لوئرکرم ششو کے رہائشی ڈاکٹر عدنان جوکہ بنیادی طور پر انتہائی پسماندہ علاقہ سنٹرل کرم مناتو قوم منتوال ذیمشت تپہ باگزئی سے تعلق رکھتے ہیں، نے روس کے جیورجیا باٹومی شوٹا روستاویلی اسٹیٹ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کی اور جنرل سرجری میں گولڈ میڈل حاصل کرکے نہ صرف ایک تاریخ رقم کی ہے، بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کرتے ہوئے ضلع کرم کے لئے بہت بڑا اعزاز حاصل کیا ہے۔

اُنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنرل ایوارڈ سری منی تھی، جن کے لئے پوری دنیا سے میرا انتخاب کیا گیا تھا، جو میرے وہم وگمان بھی نہ تھا۔ یہ سب کچھ میرے والدین کی دعاؤں،اساتذہ کی محنت اور میری ذاتی شبانہ روز کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہؤا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے چاہنے والوں نے مبارک باد کے پیغامات بھیجے، لیکن جب مجھے معلوم ہؤا کہ ضلع کرم ایک بار پھر خون آلود ہے تو میری ساری خوشیاں ختم ہوگئیں۔

اُنہوں نے روتے ہوئے کہا کہ دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی اور ہم کہاں جا رہے ہیں، خدارا ضلع کرم کوامن اور خوشیاں دو، تعلیم، صحت اور مواصلات دو،ان کے بچوں اور آنے والی نسلوں پر رحم کرو، بچوں کے ہاتھوں میں بندوق نہیں قلم دو، تاکہ آنے والی نسلیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے بہترین شہری بن کر ملک وقوم کی خدمت کرسکیں۔ اب مزید خونریزی کا یہ ڈرامہ ختم کر دو۔ یہاں غربت اور بے روزگاری سے لوگ فاقے کر رہے ہیں۔ اپنے بچوں کے لئے ایک وقت کی روٹی کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

اُنہوں نے علمائے کرام اور نوجوانانِ علاقہ سے درخواست کی کہ محراب و منبر سےامن کے لئے آواز اُٹھائیں اور ان لوگوں کی آواز بنیں جو امن لیے کام کرتے ہیں۔

گزشتہ روز جب وہ اپنے آبائی گاؤں ششو لوئرکرم پہنچے تو مقامی لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہار پہنائے اور مبارک باد دی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عدنان نے میٹرک کیمبرج پبلک سکول سدہ سے ہی کیا اور مزید تعلیم کے لئے روس چلے گئے، جہاں سے انہوں نے جنرل سرجری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

یہ بھی یاد رہے کہ زمانہ طالب علمی میں وہ بوائے سکاؤٹس بھی رہے ہیں اور کرم سکاؤٹس اوپن گروپ کی طرف سے اُنہوں نے نیشنل اور انٹرنیشنل ایونٹس میں کئی بار شرکت کرکے اپنے قابلیت کا لوہا منوایا تھا۔

اُنہوں نے اپنے اعزاز کو شہدائے کرم کے نام کردیا۔

Leave a reply