اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (APWWA) کے زیر اہتمام 14 اگست 2025 کو لاہور میں منعقد ہونے والی “استحکامِ پاکستان کانفرنس و تقریبِ تقسیمِ شانِ پاکستان ایوارڈ” میں ممتاز صحافی، تجزیہ نگار اور قلمکار ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو “شانِ پاکستان ایوارڈ” کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یہ باوقار تقریب ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ان ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک شاندار موقع فراہم کرے گی جنہوں نے ادب، صحافت، تعلیم، طب، قانون، فنونِ لطیفہ اور سماجی خدمات جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
تقریب کی سرپرستی ممتاز شخصیت ملک یعقوب اعوان کریں گےجبکہ APWWA کے بانی و نگران ایم ایم علی کی زیر نگرانی اس ایوارڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو ان کی غیر معمولی صحافتی خدمات، قومی شعور کو بیدار کرنے اور سماجی مسائل پر بے باک قلمی جہاد کی بدولت اس اعزاز کے لیے چنا گیا ہے۔ ان کی تحریریں نہ صرف فکر انگیز ہیں بلکہ قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک واضح سمت بھی فراہم کرتی ہیں۔
ایوارڈ نامزدگی پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام مصطفیٰ خان بڈانی نمائندہ باغی ٹی وی حبیب خان سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “یہ ایوارڈ میرے لیے فخر اور عزت کا باعث ہے۔ میری صحافتی خدمات کو اس طرح سراہا جانا میری حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ میں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، سرپرست ملک یعقوب اعوان، بانی ایم ایم علی اور خصوصاً ممتاز حیدر اعوان کا دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس اعزاز کے لائق سمجھا۔ میں اپنی قوم کی خدمت جاری رکھنے کے لیے مزید پرعزم ہوں۔”
“شانِ پاکستان ایوارڈ” ہر سال ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جو پاکستان کی فکری، سماجی اور ثقافتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ تقریب نہ صرف ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے بلکہ دیگر افراد کے لیے بھی ایک عظیم مثال قائم کرتی ہے۔
یہ تقریب 14 اگست 2025 کو یومِ آزادی کے موقع پر لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں ملک بھر سے نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کی نامزدگی کو صحافتی اور سماجی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے اور یہ ایوارڈ ان کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہوگا۔