متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق لندن میں وفات پا گئیں
ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ شمائلہ عمران فاروق کینسر کے باعث لندن کے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں ،ایم کیو ایم کی جانب سےجاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ تحریک کے تمام کارکنان اورعوام کویہ خبردے رہے ہیں کہ شہید انقلاب ڈاکٹرعمران فاروق شہید کی بیوہ شمائلہ عمران فاروق طویل علالت کے بعد آج مورخہ 19دسمبر2025ء بروز جمعہ انتقال فرما گئی ہیں۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔شمائلہ عمران کینسر کے مرض کے باعث بہت علیل تھیں اوروہ لندن کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھیں جہاں ان کاانتقا ل ہوگیا۔ ہم تمام اراکین رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ شمائلہ عمران کے انتقال پر ان کے صاحبزادوں عالی شان فاروق، وجدان فاروق اورتمام اہل خانہ سے انتہائی دکھ اور تعزیت کااظہارکرتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے ایکس پر لکھا کہ خدا شمائلہ عمران باجی کی مغفرت فرمائے اور دونوں صاحبزادوں کو یہ صدمہء عظیم سہنے کی ہمت دے۔ ڈاکٹر عمران فاروق بھائی کی شہادت کے بعد یہ گھرانا روز نئے صدمے سہتا رہا، کاش مجھ سمیت پوری تنظیم ان کے دکھوں کو کچھ کم کرنے کے لیے کارآمد ثابت ہو پاتی۔ ۲۰۱۶-۱۷ میں ان سے آخری ملاقات میں جو کرب دیکھا تھا وہ وقت کے ساتھ ناقابل بیان ہوتا رہا۔








