ورلڈ باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن نے حالیہ دنوں میں اپنی صحت کی حالت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے اور بتایا کہ کس طرح وہ جیک پال کے ساتھ اپنی متنازعہ فائٹ سے پہلے ایک سنگین طبی ایمرجنسی کا شکار ہوگئے تھے۔ 58 سالہ باکسنگ چیمپئن نے انکشاف کیا کہ فائٹ کی اصل تاریخ میں تاخیر کی وجہ ایک ایسا واقعہ تھا جس میں وہ خون کی قے کرنے لگے اور بے ہوش ہوگئے تھے۔
ٹائسن نے بتایا کہ اس سال کے شروع میں ایک پرواز کے دوران انہیں شدید متلی اور چکر آنے لگے تھے جس کے نتیجے میں ایئرلائن کے عملے کو مسافروں سے یہ سوال پوچھنا پڑا کہ کیا کوئی ڈاکٹر موجود ہے؟ اس کے بعد پرواز کے دوران طبی عملہ طیارے میں سوار ہوا اور ٹائسن کا علاج کیا، جب طیارہ لاس اینجلس پہنچا تو ٹائسن کی حالت انتہائی خراب تھی اور انہوں نے بتایا کہ وہ پاخانہ کر رہے تھے۔ اس کے فوراً بعد ٹائسن کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا .
ٹائسن نے نیٹ فلکس کی ڈاکو سیریز میں ان تمام واقعات کا تفصیل سے ذکر کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا کہ ان کے جسم میں دو اور آدھ انچ کا السر ہے جو ان کی حالت کی خرابی کی وجہ تھا۔ ڈاکٹروں نے مائیک کو مکمل آرام کرنے اور کسی بھی قسم کی سنگین جسمانی مشقت سے بچنے کی ہدایت کی تھی، لیکن ٹائسن نے ان کے مشورے کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی فائٹ کی تیاری جاری رکھی۔
عالمی شہرت یافتہ باکسر مائیک ٹائسن 1987 سے 1990 تک غیر متنازعہ عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن رہے ہیں، مائیک ٹائسن 2005 میں انٹرنیشنل باکسنگ سے ریٹائر ہوئے لیکن حال ہی میں نومبر 2020 میں انہوں نے کیلیفورنیا میں رائے جونز کے خلاف ایک نمائشی مقابلے میں حصہ لیا۔