ڈاکٹر یونس کی مودی کو فون کال، اقلیتوں کے تحفظ کی یقین دہانی

0
41

نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔
نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (پہلے ٹوئٹر) پر کہا کہ، "ڈاکٹر محمد یونس،نے مجھے فون کال کی۔ ہم نے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ میں نے بھارت کی جانب سے بنگلہ دیش میں جمہوری، مستحکم، پُرامن اور ترقی پسند معاشرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر یونس نے بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور تمام اقلیتوں کے تحفظ، سلامتی اور سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔”اس سے پہلے، بھارت نے بنگلہ دیش میں جاری تشدد اور خصوصاً اقلیتوں پر حملوں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ڈاکٹر یونس نے 8 اگست کو عبوری حکومت کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا، جب 5 اگست کو شیخ حسینہ نے وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ فون کال کے دوران، وزیر اعظم مودی نے بنگلہ دیش میں جمہوری، مستحکم، پُرامن اور ترقی پسند معاشرے کے لیے بھارت کی حمایت کی تصدیق کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام کی مدد کے لیے مختلف ترقیاتی اقدامات کے ذریعے بھارت کی وابستگی پر زور دیا۔مودی نے خاص طور پر بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر تمام اقلیتوں کی سلامتی اور تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ڈاکٹر یونس نے جواب میں یقین دلایا کہ عبوری حکومت بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور تمام اقلیتی گروہوں کے تحفظ، سلامتی اور سکیورٹی کو اولین ترجیح دے گی۔دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو قومی ترجیحات کے مطابق آگے بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی۔

Leave a reply