ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹر طلحہ خان شیروانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر PTP پنجاب ڈی جی ایچ ایس، کو بابا گرو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے اس تقرری کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں یہ ذمہ داری سابق سی ای او ہیلتھ ننکانہ کے طور پر ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ یاتریوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
ڈاکٹر طلحہ نے چیئرپرسن PSGPC سب کمیٹی ڈاکٹر سردار ممپال سنگھ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کے مثبت امیج، یاتریوں کی خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔












