عالمی شہرت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے

ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور نے استقبال کیا

اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ)عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد کا مقصد عوامی اجتماعات سے خطاب کرنا اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالنا ہے۔ وہ اپنے شیڈول کے مطابق ملک کے تین بڑے شہروں، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں خطاب کریں گے۔

خطابات کا شیڈول:
5 سے 6 اکتوبر: کراچی
12 سے 13 اکتوبر: لاہور
19 سے 20 اکتوبر: اسلام آباد

یہ بھی پڑھیں
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا دورہ پاکستان , شیخ فارق نائیک بھی ساتھ ہوں گے

یاد رہے کہ چند دن قبل ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے بیٹے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کے ذریعے حکومتِ پاکستان کی دعوت پر اپنے دورے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

پاکستان میں مستقل رہائش کا امکان:
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے حالیہ یوٹیوب پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ وہ اگر چاہتے تو ملائیشیا جانے کے بجائے پاکستان میں مستقل رہائش اختیار کر سکتے تھے، تاہم انہوں نے کچھ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2019 میں بھارت میں ان کی رہائش ناممکن ہونے کے بعد پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تھا، مگر کورونا وبا کے باعث یہ ارادہ مؤخر ہو گیا۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اس دورے کو پاکستان میں مذہبی اور علمی حلقوں میں بہت اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ ایک معروف اسلامی اسکالر ہیں جن کی تقریریں دنیا بھر میں مقبول ہیں اور انہیں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے خاص مقام حاصل ہے۔

Leave a reply