دراہمہ (باغی ٹی وی،خبرنگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کا نعرہ "سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال” کھوکھلا ثابت ہوا، گیدڑ والا تا دری میرو روڈ علاقہ مکینوں کے لیے عذاب بن گیا۔ جگہ جگہ گہرے گڑھوں کے باعث چند منٹ کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، مریضوں، مزدوروں، طلبہ و ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا۔ قیمتی گاڑیوں کے انجن ناکارہ ہونے کا خدشہ، آئے روز حادثات معمول بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں گیدڑوالا سے دری میرو تک یہ سڑک وسیم اکرم پلس کے دور میں تعمیر ہوئی، مگر ناقص مٹیریل کے باعث ان کی حکمرانی ختم ہوتے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی۔ سڑک کی خستہ حالی اور ریسکیو سہولیات کے فقدان کے باعث مریضوں کو ہسپتال پہنچانا مشکل ہوگیا ہے، جب کہ سکول جانے والے بچے، ملازمین اور مزدور تاخیر سے اپنی منزل پر پہنچنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ گیدڑ والا تا دری میرو روڈ کو ازسر نو کارپٹڈ کیا جائے تاکہ اس سڑک پر سفر کرنے والے شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔








