دراہمہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدعلی بروہی) ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کا نان کسٹم سامان برآمد، موٹر سائیکل ڈکیتی کا ملزم گرفتار

تفصیل کے مطابق دراہمہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ سامان اور موٹر سائیکل ڈکیتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سید علی کی زیرِ نگرانی داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام سخت کر دیا گیا ہے، اور اسمگلروں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔

چیک پوسٹ غازی گھاٹ کے انچارج محمد ایوب خان نیازی کی قیادت میں ٹیم نے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے انہوں نے چارج سنبھالا ہے اسمگلروں کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔

آج ایک بڑی کارروائی میں پولیس نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی بس "سپر سدابہار” (نمبر BSC-200) کو روکا۔ دورانِ تلاشی بس میں لوہے کی چادروں کے نیچے چھپایا گیا نان کسٹم سامان برآمد کیا گیا، جس میں موبائل فون اور سگریٹ شامل تھے۔

ضبط شدہ سامان کی مالیت 1 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔ سامان کو کاٹ کر برآمد کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس نے ایک اور کارروائی میں 2023 ماڈل CG-125 موٹر سائیکل کے ساتھ ملزم محمد حمید رضا ولد حاجی محمد ملانہ سکنہ ملتان کو گرفتار کر لیا۔

چیک پوسٹ انچارج محمد ایوب خان نیازی کا کہنا تھا کہ وہ ڈی پی او سید علی کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا جب تک میں یہاں تعینات ہوں اسمگلروں کی ہر کوشش کو ناکام بناتا رہوں گا اور ڈی پی او کے اعتماد کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا۔”

یہ کامیاب کارروائیاں علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پولیس کے مؤثر اقدامات کی عکاسی کرتی ہیں۔

Shares: