اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت بازار کی 108 دکانوں کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی۔
تقریب کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن اینڈ ریونیو سہولت بازار اتھارٹی صدام حسین اور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد نے کی۔ اس موقع پر مینیجر سہولت بازار ثاقب وٹو، اتھارٹی کی کمیٹی کے اراکین، درخواست گزار اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شہریوں نے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر دکانوں کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔
صدام حسین نے بتایا کہ سہولت بازار کے قیام سے عوام کو ایک ہی چھت تلے سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ اب تک 20 اضلاع میں سہولت بازار قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ 60 شہروں میں مزید بازار بنائے جائیں گے۔ ان بازاروں میں سستی سبزیاں، پھل، گوشت، کریانہ آئٹمز سمیت روزمرہ اشیاء دستیاب ہوں گی۔
عوام کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، مفت بجلی، فری پارکنگ اور ہوم ڈلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ دکانوں کی تقسیم میں خواتین، معذور اور اقلیتی افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق سہولت بازار عوام کو سستا روزگار اور بہترین کاروباری ماحول فراہم کرنے کا منصوبہ ہے جہاں اشیاء نوٹیفائڈ ریٹس سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔











