گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، جرمانے اور اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں اور گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے اور سبزی و پھل منڈیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مارکیٹوں میں بھی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران چکن کی قیمت میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے جو 519 روپے فی کلو سے کم ہو کر 504 روپے فی کلو تک آگئی ہے۔ علاوہ ازیں سبزیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے ٹماٹر کی قیمت میں 10 روپے، لہسن میں 20 روپے، ادرک میں 37 روپے اور گاجر میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ مزید برآں گوبھی کی قیمت 14 روپے، شملہ مرچ 39 روپے، مٹر 5 روپے اور ہری مرچ کی قیمت میں 15 روپے کمی دیکھی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رواں ماہ میں اب تک گراں فروشوں کے خلاف 2 کروڑ روپے کے قریب جرمانے عائد کیے ہیں اور 330 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مزید برآں قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے 200 کے قریب دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ سبزی و پھل منڈیوں، کریانہ اسٹورز اور دیگر دکانوں کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو بھی ترغیب دی کہ وہ منافع خوروں کی نشاندہی کریں اور سرکاری قیمتوں کے مطابق خریداری کریں۔ انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ عوام کو اشیاء خوردونوش مناسب داموں پر فراہم کی جائیں اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتوں کے حوالے سے اپنی شکایات متعلقہ حکام کو درج کروائیں تاکہ انتظامیہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کر سکے۔