حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ)تھانہ جلالپور بھٹیاں میں درج نوجوان کے مبینہ اغوا کا معمہ حل ہو گیا، اور نوجوان کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ جلالپور بھٹیاں میں نوجوان کے مبینہ اغوا کا مقدمہ نمبر 293/25 درج کیا گیا۔ ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر کے فوری نوٹس پر ڈی ایس پی پنڈی بھٹیاں کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ جلالپور بھٹیاں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے، تفتیشی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شورکوٹ، جھنگ سے نوجوان غلام مصطفیٰ ولد محمد حنیف کو تلاش کر لیا۔
تفتیش کے دوران غلام مصطفیٰ نے انکشاف کیا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا تھا بلکہ نہم جماعت کے انگریزی کے امتحان کے دباؤ کی وجہ سے وہ گھر سے خود ہی نکل گیا تھا۔ خوش قسمتی سے نوجوان مکمل محفوظ ہے اور اس کے ساتھ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا تھا کہ والدین بچوں پر امتحانات کا بے جا دباؤ نہ ڈالیں تاکہ بچے ذہنی تناؤ کا شکار ہو کر گھر سے نہ بھاگیں۔