دبئی ائیر شو 2025 میں جے ایف17 تھنڈر بلاک تھری طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا اور دوست ملک کے ساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔

دبئی ایئر شو 2025 کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، نے دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان کے ساتھ اہم اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس موقع پر ان کی متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے انڈر سیکرٹری آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر الاوی اور کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشامسی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں جدید تربیت کے تبادلے، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون کے فروغ اور آپریشنل کوآرڈی نیشن کو مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یو اے ای کی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی جدید کاری کی رفتار، تکنیکی خودانحصاری اور مقامی دفاعی صنعت میں نمایاں ترقی کو سراہتے ہوئے مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور مستقبل کی شراکت داریوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان ائیر فورس کا خصوصی دستہ بھی دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچا،ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر بلاک-III نے عالمی دفاعی ماہرین، ایوی ایشن اسپیشلسٹس اور شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ جدید اویانکس، طاقتور جنگی صلاحیتوں اور معرکۂ حق میں اس کے شاندار عملی کردار نے اسے ایک قابلِ اعتماد، موثر اور کم لاگت ملٹی رول فائٹر کے طور پر مزید نمایاں کیا۔

پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا مظہر یہ بھی ہے کہ کئی ممالک نے جے ایف 17 بلاک-III میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اسی سلسلے میں ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف 17 کی خریداری کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جو دفاعی شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شراکت داری کا اہم سنگِ میل ہے۔

Shares: