کراچی، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دبئی میں ملازمت دلانے کے نام پر لڑکیوں کو بیرون ملک اسمگل کرنے والے گروہ کے ایک اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے، جسے امیگریشن کلیئرنس کے دوران حراست میں لیا گیا۔ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب وزٹ ویزے پر دبئی جانے والی ایک لڑکی نے امیگریشن عملے کو آگاہ کیا کہ اسے ہوٹل میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے۔لڑکی کی بروقت نشاندہی پر ایف آئی اے نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث شاہ زیب کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شاہ زیب نے مرکزی اسمگلر ندیم سے ملنے والی رقم کے عوض لڑکی کے وزٹ ویزے، ہوائی ٹکٹ اور دیگر سفری دستاویزات (شومنی) کا انتظام کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ملزم شاہ زیب نے مجموعی طور پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے، جن میں سے 40 ہزار روپے ایئرپورٹ پر کلیئرنس کے لیے اسلم نامی ایجنٹ کو دیے گئے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس سے اسمگلنگ نیٹ ورک، سہولت کاروں اور بیرون ملک روابط کے حوالے سے تفصیلی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا انسانی اسمگلنگ سے متعلق فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔








