بلوچستان کے ضلع دکی میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع دکی میں ہندوستانی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران مؤثر انداز میں بھارتی اسپانسر دہشت گردوں کے ٹھکانے کا نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 بھارتی اسپانسر دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 دہشت گردوں کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اسپانسر شدہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی اسپانسرشدہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خود کش حملے کی کوشش میں 13 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے، جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 14 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھےآئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں فورسز کے قافلے پر بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا ، بھارت کی منصوبہ بندی اور سرپرستی میں فتنہ الخوارج نے قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔