خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک لڑکی نے مبینہ طور پر شادی سے چند روز قبل اپنے منگیتر کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ حیات آباد کے فیز 6 کے علاقے بونیر میں پیش آیا جہاں 27 مارچ کو نوجوان ابراراللّٰہ کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مقتول ابراراللّٰہ کی شادی 6 اپریل کو طے تھی، اور وہ شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا۔حیات آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور شواہد کی روشنی میں مقتول کی منگیتر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق قتل میں لڑکی کا ایک مرد دوست بھی ملوث ہے جسے بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ابراراللّٰہ کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزمہ اور اس کا دوست مقتول کے ساتھ کسی تنازع کا شکار تھے، تاہم مکمل تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی اصل محرکات اور پس منظر سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور مقتول کے اہل خانہ انصاف کے متقاضی ہیں۔