لاہور میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ق ہولناک حادثہ لاہور کے مصروف علاقے باغبان پورہ کے جی ٹی روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ایک بے قابو ڈمپر نے سڑک کنارے کھڑے تین رکشوں اور دو موٹرسائیکلوں کو زوردار ٹکر مار دی۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ رکشے اور موٹرسائیکلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور کئی افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی اور ارد گرد کے لوگ مدد کو پہنچے۔ریسکیو حکام کے مطابق پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ تین افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈمپر کی بریک فیل ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم حتمی وجہ کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

حادثے کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، تاہم ٹریفک پولیس کی بروقت کارروائی سے سڑک کو کلیئر کر دیا گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ڈمپر کی رفتار بہت زیادہ تھی اور ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا، جس کے باعث یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے بھاری گاڑیوں کی نگرانی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

Shares: