نیتن یاہو غزہ کے بچوں ، مودی کشمیریوں کا قاتل ،دنیا خاموش کیوں؟
چین، روس، امریکہ اورعربوں سمیت دوسری عالمی قوتوں نے کیا کردار ادا کیا؟
امریکہ یورپ میں مساجد موجود ،نمازیں ہوتی ہیں ،آج تک کسی حکومت نے پابندی نہیں لگائی
دنیا بھر میں جھوٹ کے سہارے صرف عام آدمی کو گمراہ کیا جاتا ہے،سیاسی دکانیں چل رہی ہیں
تجزیہ ،شہزاد قریشی
چین کو مستقبل میں سپر پاور کہا جارہا ہے دنیا کے ترقی پذیر ممالک سے یہ سننے کو ملتا ہے سپر پاور وہ ہوتی ہے جو دنیا کے انتظام میں بڑا کردار ادا کرتی ہے جیسے امریکہ آج عالمی امور میں دخل دیتا ہے لوگوں کو پسند نہیں آتی امریکہ سے پہلے برطانیہ اس سے پہلے سلطنت عثمانیہ ماضی قدیم میں چنگیز خان اور سکندر اعظم جیسے فاتح رہے، آج سب کو ہیرو شیما اور ناگا ساکی کے ایٹم بم یاد ہیں اس سے پہلے جاپانی کتنے ظالم تھے انہوں نے محکوم عوام پر کتنے ظلم کئے اپنی طاقت کے زعم میں کہاں کہاں حملے کئے وہ بھلایا جا چکا ہے، تاریخ کا مطالعہ کرنے پر انسان جس میں انسانیت ہو کانپ جاتا ہے، دوسری جنگ عظیم میں امریکہ ابتدا میں غیر جانبدار تھا جاپانیوں نے اس کی بندرگاہ پر حملہ کر کے ڈھائی ہزار امریکوں کو مار ڈالا امریکہ کو جنگ میں کودنا پڑا، آج امریکہ میں حقیقی جمہوریت ہے عوام احتجاج کر سکتے ہیں یہ ملک غلطیوں سے سیکھتا ہے ، آج امریکی قوانین اور امریکی معاشرہ ماضی کی بہت سی خامیوں سے پاک ہے ہر چار سال بعد الیکشن ہوتے ہیں بہت سے صدر آئے ہر صدر نے پہلے کی غلطیوں کو درست کیا آج بھی اگر امریکہ غلطی کرتا ہے تو فوراً اس کو احساس ہوتا ہے وہ دنیا سے معذرت کرتا ہے سپر پاور امریکہ ہو یا چین ورلڈ آرڈر برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے، مسلمانوں کی اکثریت کو کہا جاتا ہے کہ امریکہ مسلمانوں کے خلاف ہے اگر ایسا ہوتا تو امریکہ اپنے ملک میں مسلمانوں پر پابندیاں لگاتا ،امریکہ میں ہزاروں مساجد ہیں امام بارگاہیں ہیں جمعہ کے اجتماعات محرم کی مجالس نہ ہوتیں مغربی ممالک میں اسی طرح کے منظر دیکھے جا سکتے ہیں برطانیہ سمیت مغربی ممالک میں مساجد اور امام بارگاہ موجود ہیں، اسرائیل کو بھی امریکہ سے ویسی شکایات ہیں جیسی مسلمانوں کو وہ امریکہ کو دوست مانتے ہیں لیکن شکوہ بھی کرتے ہیں ، یاد رکھیئے عالمی دنیا کے ممالک میں سیاسی گلیاروں میں سیاستدان ہی تو ہیں جو عام آدمی کو گمراہ کرتے ہیں جھوٹ کا سہارا لے کر اپنی سیاسی دکان چلاتے ہیں آج دنیا بھر میں جھوٹ اور افواہ سازی کے ذریعے اقتدار حاصل کیا جاتا ہے، دنیا میں کہیں جمہوریت کے نام پر جھوٹ کہیں مذہبی لبادہ اوڑھ کر جھوٹ بولا جاتا ہے، امریکہ کو آنکھیں دکھانے کے لئے چین یا روس سے فوجی تعاون حاصل کرتے ہیں اس کی چار گنا قیمت ادا کرتے ہیں، نیتن یاہو غزہ کے بچوں کا قاتل ہے مودی کشمیروں کا قاتل ہے، چین، روس، امریکہ اور دوسری عالمی قوتوں نے کیا کردار ادا کیا؟ عرب ممالک جو تیل کی دولت سے مالا مال ہیں انہوں نے کیا کردار ادا کیا؟ چین اور اسرائیل کے تعلقات کیسے ہیں ان دونوں کی تجارت کا حجم کتناہے؟ ترکی کی اسرائیل تجارت کا حجم کرتا ہے؟ سچ تو یہ ہے دنیا بھر میں جھوٹ کے سہارے عام آدمی کو گمراہ کیا جاتا ہے

Shares: