مرکزی مسلم لیگ ملکی سلامتی کے لئے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،حافظ خالد نیک
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے سی ٹی ڈی پنجاب اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سہولت کاروں اور دہشتگرد نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے پر سیکورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں شکست فاش کے بعد مودی سرکار باز نہیں آ رہی،پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر اور قوم متحد ہے.
حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹوں اور سہولت کاروں کا مختلف اضلاع سے گرفتار کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے ادارے نہ صرف چوکس ہیں بلکہ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردی، تخریب کاری، اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ بھارتی خفیہ ادارے نہ صرف پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کی دہشتگردی کا نوٹس لے اور ’’را‘‘ کی جانب سے پاکستان میں مداخلت اور تخریبی کاروائیوں کو بند کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دشمن کی ہر سازش کو متحد ہو کر ناکام بنایا جائے گا۔