باجوڑ واقعہ،دشمن کی سازش، تجزیہ: شہزاد قریشی

0
79
shehad qureshi

ملک میں ویسے تو ضرب عضب سے لے کر ردالفساد تک اور دہشت گردی اور انتہا پسندی تک پاک فوج اور اس کے جملہ اداروں نے اور پولیس نے جس طرح قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا ہے اس کی مثال نہیں ،امریکہ سمیت عالمی دنیا بھی اس کی تعریف کرتی ہے۔ حال ہی میں محرم کے دوران پاک فوج، پولیس نے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا عاشورہ بخیر و عافیت سے گزرا۔ لیکن باجوڑ کے دلخراش واقعہ نے ہلاکر رکھ دیا ہے ملک میں حالیہ دہشت گردی کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک ایسا عمل ہے جو کبھی ڈوبتا ہے اور کبھی ابھرتا ہے۔ چینی نائب صدر کے دورہ پاکستان کے عین وقت پر باجوڑ میں دہشت گردی کا واقعہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دشمن نے کروایا ہے۔ اسلام آباد کو افغانستان کی حکومت سے احتجاج کرنے کے بجائے امریکہ کی توجہ اس جانب مبذول کرانی چاہئے دو برس قبل دوجہ معاہدے میں طالبان نے ضمانت دی تھی کہ وہ اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ اس معاہدے پر عمل درآمد امریکہ کی ذمہ داری ہے۔

پاکستان نے افغانستان کے قیام امن کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ایک عالم گواہ ہے کہ پاکستان نے جانی اور مالی قربانیاں دے کر اس خطے میں قیام امن کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت سیاسی لیڈر شپ کا چونکہ فقدان ہے اس سلسلے میں وہی پاک فوج اور جملہ ادارے اپنا کردار ادا کریں جنہوں نے لازوال قربانیاں دے کر ملک میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کیا، ملک کی موجودہ سیاسی جماعتوں میں لیڈر شپ نہیں ہے پیپلزپارٹی میں نہ بھٹو ہے اور نہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید۔ مسلم لیگ (ن) میں نوازشریف نہیں اسی طرح باقی سیاسی جماعتوں کا بھی یہی حال ہے ملک کی سیاسی فضا الیکشن کو لے کر شکوک و شبہات کے غبار سے آلودہ ہیں۔ الیکشن ہوں گے وقت مقررہ پر ہوں گے یا نہیں ہوں گے کی بحث میں لگے ہیں جن سیاسی جماعتوں اور سیاسی شخصیات کو آئین میں لکھا صاف نظر نہیں آتا انہیں بین الاقوامی سیاسی اتار چڑھائو کیسے نظر آئیں گے ملک میں الیکشن 2023ء میں ہوں یا 2024ء میں امریکہ میں سابق صدر ٹرمپ، پاکستان میں عمران خان اور بھارت میں راہول گاندھی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ عوام کریں ٹرمپ ،راہول گاندھی اور عمران خان کی مشکلا ت میں اضافہ ہو گا یا کم یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ تاہم امریکہ بھارتی وزیراعظم مودی کو پہچان گیا ہے مودی چین کی دشمنی میں کبھی امریکہ اور کبھی روس دوڑتے ہیں مودی دوست نہیں دوست نمادشمن ہے۔

Leave a reply