ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت "آسان کاروبار فنانس” پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل آفس ڈیرہ غازی خان میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کے عبدالباری ہاشمی، محمد احد، بینک آف پنجاب کے محمد اسماعیل سمیت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مرزا محمد آصف اقبال اور دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
سیمینار میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 25 سے 55 سال کی عمر کے مرد، خواتین، خصوصی افراد اور خواجہ سرا کو پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر 90 ارب روپے کے زیرو مارک اپ قرضے فراہم کیے جائیں گے، جو پانچ سال میں آسان اقساط کے ذریعے واپس کیے جا سکیں گے۔ حکومتِ پنجاب بینک آف پنجاب کو پانچ سال کے لیے آٹھ ارب روپے مارک اپ ادا کرے گی تاکہ کاروباری طبقے پر کوئی سودی بوجھ نہ ہو۔
پروگرام کے تحت نئے یا جاری کاروبار کے لیے تین کروڑ روپے تک جبکہ برآمدات کے فروغ کے لیے پانچ کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اہلیت کے لیے درست قومی شناختی کارڈ، فعال ٹیکس فائلر سٹیٹس، مالیاتی اداروں کے نادہندہ نہ ہونا، اور کاروباری جگہ کی ملکیت یا کرایہ داری لازم قرار دی گئی ہے۔
درخواستیں akf.punjab.gov.pk ویب پورٹل پر جمع کروائی جا سکتی ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1786 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر عبدالباری ہاشمی نے کہا کہ یہ سکیم صوبے میں روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی، اور پہلی بار جنوبی پنجاب کے لیے 26 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔