سوات :- 3 روز قبل تھانہ خوازہ خیلہ میں مدعی نجیب اللہ ولد بخت ذادہ ساکن وچ خوڑ خوازہ نے اپنی پمپ واقع گاشکوڑ سے موٹر کار برنگ سفید میں سوار ایک جوڑے کے خلاف شکایت درج کروائی تھی کہ انہوں نے پٹرول ڈلوانے کے بعد ایزی پیسہ کے ذریعے ادائیگی کی اور کچھ دیر بعد رقم ریورس کر دی۔ نامعلوم جوڑے (جوان العمر لڑکا اور لڑکی) کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ڈی پی او سوات، ناصر محمود کے سخت نوٹس پر ایس پی اپر سوات، شوکت علی کے سربراہی میں اور ایس ڈی پی او سرکل خوازہ خیلہ جمعہ رحمٰن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ خوازہ خیلہ زاہد شاہ نے رپورٹ پر مزید کارروائی کرتے ہوئے ٹیکنیکل ٹیم کے ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تیکنیکی طریقوں سے تحقیقات کیں۔ تحقیقات کے دوران ایزی پیسہ کے ذریعے رقم کی ادائیگی کرنے اور بعد میں اسے ریورس کرنے والے بین الاضلاعی نو سر باز جوڑے کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار شدہ ملزم حذیفہ شفقت ولد محمد شفقت ساکن گنج گرین ایبٹ آباد اور ملزمہ رمشاء دختر ایاز محمد خان ساکن ڈھوڈیال مانسہرہ ہیں۔ یہ نو سر باز گروہ پٹرول پمپ کے علاوہ مختلف میگا مارٹس اور سوات کے دیگر علاقوں میں بھی لوگوں کو لوٹ چکا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے