لاہور :پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اب سے کچھ دیر بعد لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرے گا ، الیکشن کمیشن کوانتخابات کی تاریخ کے اعلان کا آئینی اختیار حاصل نہیں ، لاہور ہائی کورٹ نے بھی گورنر سے مشاورت کرنے کا فیصلہ دیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، متفرق درخواست میں الیکشن کمیشن عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد میں پیش مشکلات پر راہنمائی طلب کرے گا ۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے وجوہات بتائی جائیں اور گورنر سے مشاورت کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ انتخابات آئین میں وضع کردہ مینڈیٹ کے مطابق 90 دن کے اندر ہی ہوں گے۔
اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ کے ساتھ سپریم کورٹ میں بھی اپنے اس موقف کا بھرپور دفاع کرے گا کہ آئین کے تحت یا قانون کے تحت کمیشن کو یہ مینڈیٹ حاصل نہیں کہ وہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد و شفاف انتخابات کرانے کیلئے بیوروکریسی میں رد و بدل کے اختیارات کے حوالے سے کمیشن کے موقف کا دفاع کرنے کے علاوہ، الیکشن کمیشن نے جمعرات کو یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ لاہور ہائی کورٹ میں ایک سول متفرق درخواست دائر کرے گا جس میں لاہور ہائی کورٹ کے 10 فروری 2023 کو سنائے گئے فیصلے پر عملدرآمد میں کمیشن کو پیش آنے والی مشکلات میں رہنمائی طلب کی جائے گی۔