بلدیاتی انتخابات:الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس

کراچی: الیکشن کمیشن نے تحصیل میونسپل کمیٹی جناح میں ممبر صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لے لیا۔

باغی ٹی وی :الیکشن کمیشن نے ممبر صوبائی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دے دیا ،معاملے پر صوبائی الیکشن کمشنر سے الیکشن کمیشن نے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی حرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد میں نقاب پوش نامعلوم افراد پولنگ اسٹیشن میں گھس گئےرپورٹس کے مطابق ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاؤن یوسی 3 میں نقاب پوش نامعلوم افراد پولنگ اسٹیشن میں گھسے اور انہوں نے پولنگ عملے کو ہراساں کیا نامعلوم افراد پیپلز پارٹی کا جھنڈا لگی ہوئی گاڑیوں پر سوار تھے اور انھوں نے ٹیکنیکل سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی۔

دوسری جانب رہنما پاکستان تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی نے بیلٹ باکس کی سیل کھول دی فردوس شمیم نقوی کی بیلٹ باکس کی سیل کھولنے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے فردوس شمیم نقوی نے سولجربازار یوسی وارڈ 4 میں پولنگ عمل متاثر کرنے کی کوشش کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹ کاسٹ کردیا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پولنگ اسٹیشن ایلیمنٹری گورنمنٹ گرلز اسکول میں ووٹ کاسٹ کیا،حافظ نعیم یو سی 8 نارتھ ناظم آباد ٹاؤن سے چیئرمین کے امیدوار ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مجموعی طور پر شہر میں امن و امان کی صورتحال ہے تاہم بعض مقامات پر سازش کر کے کیمپوں کو جلایا گیا تاکہ عوام رک جائیں۔


حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کئی سال بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیئے، لوگ چاہتے ہیں جماعت اسلامی منتخب جیتے۔ ایم کیو ایم والے رات گئے الیکشن سے بھاگ گئے، ایم کیو ایم میں جان ہوتی تو وہ بائیکاٹ نہ کرتے بلکہ ہمارا مقابلہ کرتے،ہم الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ میئر کا ڈائریکٹ الیکشن کرائیں۔

مٹیاری میں پولنگ ڈیوٹی سے غیر حاضری پر پولنگ عملے کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے باخبر ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے مٹیاری میں تعینات کیا جانے والا عملہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچ سکا جس کے باعث خاتون سمیت تین پولنگ ایجنٹس کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔

آر او ٹاؤن کمیٹی مٹیاری، آر او ٹاؤن کمیٹی خیبر اور آر او یوسی نے وارنٹ جاری کیے جب کہ پولنگ عملے کو حراست میں لے کر پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب لانڈھی نمبر 6، یو سی 3 کے وارڈ 4 میں تین سیاسی جماعتوں کے کیمپس میں آگ لگ گئی آتشزدگی کے واقعے پر سیاسی جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ لانڈھی نمبر 6 میں رات گئے نامعلوم افراد نے کیمپس میں آگ لگائی جس کے بعد لانڈھی نمبر 6 میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کھلے آسمان تلے کیمپس لگا لیے۔

ایس ایس پی کورنگی ساجدسدوزئی کا کہنا ہے کہ سردی سے بچنے کیلئے صبح کیمپس میں موجود افراد نے آگ لگائی، آگ نے کیمپ میں موجود سامان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم آگ لگنے کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا۔

کراچی کے متعددپولنگ اسٹیشنز سے پولنگ عملہ غائب ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جبکہ شہر میں سردی کے باعث صبح کے آغاز میں ووٹرز کی تعداد بھی کم دیکھنے میں آرہی ہے۔

ضلع کیماڑی ماڑی پور ٹاؤن یوسی3پولنگ اسٹیشن نمبر 17 میں عملہ نہ ہونےسے پولنگ کا عمل تاخیرکاشکار ہوگیا ، اس کے علاوہ غیر متعلقہ افراد پولنگ اسٹیشن میں موجود ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ووٹرز کا کہنا ہے کہ سکیورٹی ہونے کے باوجود بھی کسی کو روکا نہیں جارہاہے، پولنگ اسٹیشنز پر عملہ موجود نہیں ہے اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے۔

اس کے علاوہ یوسی 4 گلشن ٹاؤن میں پولنگ ایجنٹ تاحال نہیں پہنچ سکے یوسی 4 گلشن ٹاؤن کے پریزائڈنگ آفیسر نے کہا کہ عملے نے بیلٹ باکسز سیل کر دیے ہیں، تمام تر چیزیں وقت پر تیار کر لی ہیں، ابھی تک ایک ووٹ کاسٹ نہیں ہوا کسی جماعت کا بھی پولنگ ایجنٹ نہیں آیا۔

جناح ٹاؤن یو سی 5 جیل روڈ اسکول میں بھی انتخابی سامان موجود ہے لیکن عملہ غائب ہے ضلع شرقی یوسی 4وارڈ 7 میں بھی پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہے، یہاں ووٹرز ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔

ضلع وسطی نیوکراچی یوسی 5 وارڈ 2 میں پولنگ کے عمل میں تاخیر دیکھنے میں آئی، یوسی فائیو وارڈ ٹو میں بیلٹ باکس ہی نہیں پہنچائے جاسکے، یہاں بھی متعدد جگہوں پرپولنگ ایجنٹ نہیں پہنچے یوسی 5 کےپولنگ اسٹیشن میں بیلٹ باکس سیل نہیں کیے گئے۔

فقیر گوٹھ کاٹھورملیر پولنگ اسٹیشن نمبر 11 مورو فقیر گوٹھ کاٹھور میں تاحال پولنگ شروع نہیں ہوسکی ہے لانڈھی نمبر 6 میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کھلے آسمان تلے کیمپس لگا لیے ہیں

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا۔

آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا کراچی کے 7 اضلاع (ضلع وسطی، شرقی، کورنگی، غربی، کیماڑی، ملیر اور جنوبی) میں 246 یونین کمیٹیز کیلئے ہر ووٹر صرف 2 ووٹ دے گا، کراچی کے 25 ٹاؤنز کی 246 یو سیز کے 984 وارڈز پر ووٹنگ ہو رہی ہے –

ہر یونین کونسل میں 4 وارڈز ہیں، ووٹر کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کے علاوہ وارڈ کا جنرل کونسلر منتخب کرنا ہوگا، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ایک ووٹ ہوگا، دوسرا ووٹ جنرل کونسلر کا ہو گا۔

حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بھی آج بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے حیدرآباد، میں 2551، دادو میں 1436، جامشورو میں 839، ٹنڈوالہیار میں 781، مٹیاری میں 715 اور ٹنڈومحمد خان میں 452 امیدوار مختلف نشستوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

بدین میں پیپلز پارٹی کے 442 امیدواروں سے جی ڈی اے کے 318 امیدوار میں مقابلہ ہے،ضلع بھر سے جے یو آئی کے 133 اور پی ٹی آئی کے 75 امیدوار بھی انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے دادو میں پیپلز پارٹی کے 454 امیدواروں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے 335 امیدواروں میں مقابلہ ہے-

دورانِ الیکشن کراچی اور حیدر آباد کے 500 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز اہلکار تعینات ہیں-

ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ دورانِ الیکشن کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 700 رینجرز اہلکار بطور کوئیک رسپانس فورس علاقے میں موجود رہیں گے پولیس کے ساتھ کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ فلیگ مارچ کراچی کےعلاقے حب ریور روڈ، بلدیہ، گولیمار چورنگی، ڈسکو موڑ، ناگن چورنگی،سخی حسن چورنگی، ملیر ماڈل کالونی، گڈاپ روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیپا چورنگی، حسن اسکوائر، ال آصف اسکوائر، سہراب گوٹھ، بلاول چورنگی، بوٹ بیسن چورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، شاہین کمپلیکس چورنگی، ضیاء الدین احمد روڈ، آئی آئی چندریگرروڈ، چاکیواڑہ روڈ، ایم اے جناح روڈ، طارق روڈ اور شاہراہ فیصل سمیت ملحقہ علاقوں میں کیا گیا۔

حیدرآباد کے فلیگ مارچ میں فتح چوک، قاسم آباد، ٹھنڈی سڑک، لطیف آباد، آٹو بھان روڈ، حیدر چوک، پکا قلعہ، پھلیلی، برنس روڈ، ہالہ ناکہ، قاسم چوک، رانی باغ اور صدر پریس کلب شامل ہیں۔

Comments are closed.