چانسلر ریچل ریوز کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں ایندھن ادائیگی اسکیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جن کے تحت اس سال زیادہ سے زیادہ افراد کو ادائیگیاں مل سکیں گی۔
ریچل ریوز کے مطابق، اس موسم سرما میں مزید افراد الاؤنس کے لیے اہل ہوں گے، تاہم ان تبدیلیوں کی تفصیلات اور اہل افراد کے بارے میں وضاحت ابھی سامنے نہیں آئی۔وزیر اعظم سر کیر اسٹارمر نے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومت کی ابتدائی پالیسیوں میں سے ایک میں تبدیلی کر کے موسم سرما ایندھن الاؤنس کا دائرہ وسیع کرنا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ سرد ترین مہینوں میں توانائی بلوں میں مدد کے طور پر 300 پاؤنڈ تک کی رقم صرف ان افراد کو دی گئی تھی جو پنشن کریڈٹ کے مستحق تھے، تاہم اس محدود پالیسی کو لیبر پارٹی کے بلدیاتی انتخابات میں خراب نتائج کی ایک وجہ قرار دیا گیا۔اس پالیسی کے باعث 2024 میں 10 ملین ایسے پنشنرز کو رقم نہیں ملی، جو کچھ زیادہ آمدنی رکھنے کے باوجود توانائی کے بڑھتے اخراجات سے شدید متاثر ہوئے۔ خیراتی اداروں اور کئی اراکین پارلیمنٹ نے اس پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
سر کیئر نے پارلیمنٹ میں اس نظرثانی شدہ پالیسی کے تحت اہل افراد کے بارے میں وضاحت نہیں دی۔ تاہم ایک حالیہ انٹرویو میں وہ تسلیم کر چکے ہیں کہ اس معاملے پر جلد از جلد وضاحت ضروری ہے۔کنزرویٹو پارٹی کی لیڈر کیمی بیڈینوچ نے سوال کیا تھا کہ الاؤنس سے محروم ہونے والے 10 ملین پنشنرز میں سے کتنے افراد کو یہ دوبارہ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چانسلر نے جلد بازی میں اعلان کیا کیونکہ شاید اب انہیں موسم سرما کی حقیقت کا اندازہ ہو رہا ہے۔
اگر حکومت بجٹ کے اعلان تک انتظار کرتی ہے تو یہ واضح تبدیلیاں عام طور پر ادائیگیوں سے پہلے ہی ہو سکتی ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت اہل پنشنرز کو نومبر یا دسمبر میں خودکار طور پر ادائیگیاں کی جاتی ہیں، بشرطیکہ وہ پنشن کریڈٹ کا دعویٰ کریں، جو کم آمدنی والے افراد کے لیے ریاستی پنشن میں اضافی سہولت ہے۔80 سال سے کم عمر افراد کو 200 پاؤنڈ اور 80 سال سے زائد عمر والوں کو 300 پاؤنڈ سالانہ ملتے ہیں۔
تبدیلیوں سے متعلق بڑھتے سوالات کے جواب میں ڈاؤننگ اسٹریٹ نے کہا ہے کہ وہ وضاحت دے گا کہ ادائیگیوں کو "جتنی جلد ممکن ہو” کیسے وسعت دی جائے گی۔چیریٹی ادارے ایج یو کے کی ڈائریکٹر کیرولین ابراہمز نے کہا کہ چانسلر کے بیانات سے حوصلہ افزائی ملی ہے، لیکن تفصیلات کا انتظار ہے، جنہیں فوری طور پر جاری کرنا ضروری ہے تاکہ موسم سرما سے پہلے بروقت اقدامات کیے جا سکیں، خصوصاً ان پنشنرز کو تحفظ دینے کے لیے جو شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
سر کیر اسٹارمر نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ ادائیگی حاصل کرنے والوں کی تعداد بڑھانے کی وجہ یہ ہے کہ لیبر حکومت نے "معیشت کو مستحکم” کیا ہے۔ ریچل ریوز نے بھی کہا کہ معیشت اب "بہتر حالت” میں ہے اور حکومت انگلینڈ میں ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں اربوں پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کا اعلان کر چکی ہے، اور ذرائع کی جانچ کے حوالے سے عوام کے خدشات کو سن رہی ہے۔