تمباکومصنوعات پرحالیہ ٹیکسزکا نفاذتمباکونوشی سےجان چھڑانےمیں اہم ثابت ہوگا:شارق محمود خان

0
36
tax

اسلام آباد:تمباکو مصنوعات پر حالیہ ٹیکسز سے نہ صرف ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رحجان کو قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔تمباکو مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور ٹیکسز کے نفاز کا حکومتی اقدام قابل تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہار تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم کرومیٹک کے سی ای او شارق محمود خان نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ شارق محمود خان نے تمباکو مصنوعات پر ٹیکسز کے نفاز کو یقینی بنانے کے لئے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کو سراہنے کے ساتھ، تمباکو مصنوعات پر ٹیکسز عائد کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت سگریٹ کے متبادل کے طور پر مارکیٹ میں دستیاب دیگر مصنوعات کو روکنے کے لئے بھی موثر قانون سازی کرے گی تاکہ نوجوانوں کو سگریٹ سمیت تمباکو کی دیگر مصنوعات کے ناسور سے دور کرکے ان کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ چند دن پہلے ضمنی بجٹ میں وفاقی حکومت نے مقامی سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی سگریٹ پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت مقامی 9 روپے سے زائد قیمت کی سگریٹ پر 16.5 روپے اور 9 روپے سےکم قیمت کی سگریٹ پر 5 روپے 5 پیسےایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت 9 ہزار سے زائد ہونے پر 16500 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے جب کہ مقامی ایک ہزار سگریٹ کی قیمت 9 ہزار یا کم ہونے پر 5 ہزار 50 روپے ایکسائز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے۔

Leave a reply