لاہور:وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 5اگست کا احتجاج آغاز سے پہلے ہی فلاپ ہو گیا۔
وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پھپھو کی خواہش پوری نہ ہوسکی، بھتیجے پاکستان نہیں آ رہے،سابق بھاوج نے بچوں کو پاکستان جانے سے روک دیا، 5اگست کا احتجاج آغاز سے پہلے ہی فلاپ ہو گیا،علیمہ خان نے بھی احتجاج کی ناکامی کی پیشگی اطلاع دے دی،پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بھی احتجاج کی حامی نہیں-
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہاکہ ، خیبرپختونخوامیں 354ارب کی مالی بے ضابطگیاں چارج شیٹ ہیں،چور چور کا راگ الاپنے والے 12سال سے کرپشن کے ریکارڈ قائم کررہے ہیں،عظمیٰ بخاری نے کہاکہ9مئی واقعات پر ندامت اور شرمندگی کے بجائے دفاع کرنا شرمناک ہے،شہدا کے مجسمے جلانے والے قوم کیلئے قابل نفرت بن چکے ہیں۔
ادھروزیر دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے کے عمل کو ڈرامہ قرار دے دیا،کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا کوئی عمل سیاسی یا مالی منافع کے بغیر نہیں ہوتا، بہت سے ڈراموں میں سے یہ بھی ایک ڈرامہ تھا ، مقصد والد اور اولاد کی ملاقات نہیں سیاسی منافع تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اور ان کے بچے اقتدار کی ہوس اور خواہشات کی تکمیل کے لیے استعمال ہوں گے ، قربانیوں کے لیے اولاد بھی دوسروں کی اور مال بھی دوسروں کا، تاریخ میں اس سے بڑی نوسر بازی شاید ہی کسی نے کی ہو ۔
واضح،رہےکہ،گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نےکہا تھا کہ قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے، میرے بچے کسی احتجاجی تحریک میں شریک ہوں گے اور نہ ہی کسی احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے۔