مرکزی مسلم لیگ فیصل آباد کے ہر گھر تک قربانی کا گوشت پہنچائے گی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ سنٹرل پنجاب کے صدر شیخ فیاض احمد نے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ عید الاضحیٰ منفرد انداز میں منائے گی۔ "قربانی سب کیلئے” مہم کے تحت ہم ہر گھر تک قربانی کا گوشت پہنچائے گے۔ یونین کونسل کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائینگی جو علاقے میں موجود غریب اور متوسط طبقے تک قربانی کا گوشت پہنچائیں گی۔ مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کا نعرہ لیکر میدان میں آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے تنظیمی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اجلاس سے جنرل سیکرٹری فیصل آباد محمد احسن تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی 315 یونین کونسل میں مستحق، بیوگان اور قربانی نہ کر پانے والے ہر گھر تک مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان قربانی کا گوشت پہنچائیں گے۔ فیصل آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین اور جیلوں میں موجود قیدیوں کے لیے کھانا پہنچا کر عید الضحیٰ کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کریں گے۔