وزیر ریلوے حنیف عباسی نے عید الفطر کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلانے اور کرایوں میں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے جدید نگرانی کے آلات نصب کریں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی میں اضافے کے ساتھ ساتھ اخراجات کو بھی کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 رمضان المبارک سے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی تاکہ عید کے موقع پر عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے اور کرایوں میں کمی کر کے لوگوں کو مالی فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور ایم ایل ون منصوبے پر مختلف ممالک کے ساتھ روابط بڑھائے جا رہے ہیں تاکہ ریلوے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ حنیف عباسی کو حال ہی میں وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور انہیں تین روز پہلے ہی وزارت ریلوے کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔ ان کے اس فیصلے سے ریلوے کے مسافروں کو عید کے موقع پر نہ صرف آرام دہ سفر کی سہولت ملے گی بلکہ کرایوں میں کمی سے عوام کو مالی فائدہ بھی پہنچے گا۔حنیف عباسی کے اس اعلان کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ عید کے دوران ریلوے سفر کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔