عید کی خوشیاں کئی خاندانوں کے لیے غم میں بدل گئیں، ملک کے مختلف حصوں میں ٹریفک اور دیگر حادثات میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار کھائی میں گرنے سے 4 افراد جان سے گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے.گھوٹکی میں موٹروے ایم فائیو پر تیز رفتار ٹرک کے الٹنے اور ڈہرکی بائی پاس پر ٹرالر کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔لیہ میں تیز رفتار مسافر بس کے الٹنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

سکھر کے علاقے روہڑی تھانہ جھانگڑو میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔جہلم میں 2 مختلف حادثات میں ایک شخص جان سے گیا اور 7 افراد زخمی ہوئے۔ ایک حادثے میں دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ راٹھیاں جی ٹی روڈ پر دو گاڑیوں میں ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

ننکانہ صاحب میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔فیصل آباد کے ملت روڈ پر رکشہ الٹنے کے باعث ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ خیرپور میں چنگچی رکشہ کو ٹرالر نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

ہری پور میں تربیلا جھیل میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب گئے، مقامی افراد نے 2 بچوں کو بچا لیا، ایک بچے کی لاش نکال لی گئی جبکہ ایک کی تلاش تاحال جاری ہے۔ادھر نوشہرو فیروز میں سانگی مائنر سے ایک بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔

حیدرآباد کے سول اسپتال میں لفٹ خراب ہونے کے باعث ایک لاش سمیت 4 افراد لفٹ میں پھنس گئے، جنہیں بعد ازاں نکال لیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا ترک صدر کو فون، عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی

Shares: