اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پیپلزپارٹی راجا پرویزاشرف کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مشکلات سے نبرد آزما رہی ہے، سیاست نمبرز کا گیم ہے، اور پیپلزپارٹی نے کراچی میں اچھے نمبرز سے میئر بنایا، عوام جس کو منتخب کرے اسےعوام کی نمائندگی کا حق ہے۔ راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سندھ میں مسلسل پیپلزپارٹی جیتی آرہی ہے، اس صوبے کے عوام کی تیسری نسل پیپلزپارٹی سے منسلک ہے، ہماری جماعت کو سندھ میں خدمت کا انعام ملا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہر پراپیگنڈے کا جواب الیکشن ہیں، انتخابات میں ہر جماعت اتحاد بنانے کی کوشش کرتی ہے، سندھ میں ہمیشہ پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد بنتے ہیں، لیکن اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ووٹرز کو متوجہ کرنے کے مختلف طریقے ہوتے ہیں، وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو ووٹرز مسترد کر دیں گے، اب سیاست مختلف ہوچکی ہے، ووٹرز میں شعور آچکا ہے، الیکٹبیل وہی ہے جو اپنی جگہ کھڑا ہے اور جو وفادار ہے، بڑے نامور 20 الیکٹیبلز انتخابات میں شکست کا شکار ہوئے، لوٹوں کو ووٹ نہیں ملتے اور وہ ڈلیور بھی نہیں کرسکتے۔
پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں مصنوعی نظام کبھی نہیں چل سکتا، اس باراسٹیبلشمنٹ نےواضح کہا ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں، سوشل میڈیا کے دور میں مصنوعی نظام کا چلنا ممکن نہیں، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات سب کے حق میں ہیں، ایسے انتخابات ہونے چاہیے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، عوام جس کو مینڈیٹ دیں اسے حکومت کرنے کا حق ہونا چاہئے.

الیکٹبیل وہی ہے جو اپنی جگہ کھڑا ہے اور جو وفادار ہے،اسپیکر قومی اسمبلی
Shares: