اپوزیشن جماعتیں آج یوم سیاہ منائیں گی، اپوزیشن جماعتوں کے رہنما آج بڑے شہروں میں جلسوں‌سے خطاب کریں گے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رمضان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والی اے پی سی میں 25 جولائی کو یوم سیاہ ،یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا بعد ازاں رہبر کمیٹی نے بھی اس کی توثیق کی تھی، گزشتہ برس ہونے والے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کا الزام لگا کر اپوزیشن ایک سال بعد یوم سیاہ منائے گی

یوم سیاہ کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ میں بڑے جلسے ہوں گے جبکہ دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی. لاہور میں مال روڈ پر ہونے والے جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، کراچی میں پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری، پشاور میں مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار ولی، کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز خطاب کریں گی.

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں احتجاجی جلسہ کے لئے ن لیگ کو تاحال اجازت نہیں ملی،ن لیگ لاہور کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید توصیف شاہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لاہور مال روڈ چیئرنگ کراس پر 25جولائی کو یوم سیاہ منانے کے دوران پرامن جلسہ کیا جائیگا۔ مال روڈ پر ہونے والے جلسہ میں ن لیگ سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے.

کراچی میں ہونے والے جلسہ سے بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم رہنما قائدین خطاب کریں گے۔ کراچی کے جناح گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے ميں پيپلز پارٹی، ن ليگ، جے يو آئی اور اے اين پی سميت ديگر جماعتوں کے کارکن شريک ہوں گے۔

خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ جلسے سے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد شیرپاؤ سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے.

جمعیت علماء اسلام ف ملین مارچ کے سلسلے میں اپنا الگ جلسہ رنگ روڈ پر کرے گی جس سے مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے۔

باقی شہروں میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی، مسلم لیگ ن نے لاہور جلسہ کے لیے کارکنان سے فنڈ بھی جمع کیا ہے.

Shares: