سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ)پسرور سیالکوٹ روڈ پر عوام کی جانیں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔ واپڈا اور ہائی وے محکموں کی نااہلی اور لاپرواہی کے باعث پسرور سٹی سے قصبہ بڈیانہ تک مرکزی شاہراہ کے عین درمیان بجلی کے پول نصب ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، لنگے گاؤں کے قریب ایک بجلی کے پول پر متعدد میٹر اور تاریں لٹک رہی ہیں، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ ذرا سی غفلت یا بارش کے دوران جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ ان پولز سے آئے روز ٹریفک حادثات پیش آ رہے ہیں جبکہ برسات یا تیز ہوا کے وقت کرنٹ لگنے کے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے کی نشاندہی بارہا واپڈا اور ہائی وے حکام کو کی گئی، مگر تاحال کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور محکمہ ہائی وے سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان پولز کو روڈ کے درمیان سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔