ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب ایمریٹس اسکائی کارگو کی پرواز، جو ترک فضائی کمپنی "ایئر اے سی ٹی” کے بوئنگ 747-481 طیارے پر آپریٹ کی جا رہی تھی، لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گری۔ اس حادثے میں دو گراؤنڈ اسٹاف ارکان جاں بحق ہو گئے جبکہ طیارے کے چار عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
پرواز EK9788 دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہانگ کانگ پہنچی تھی۔ حادثہ صبح تقریباً 3 بج کر 53 منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ لینڈنگ کے بعد رن وے پر دوڑ رہا تھا کہ اچانک بائیں جانب مڑ گیا اور توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے سی وال (سمندر کے حفاظتی حصار) کو توڑتا ہوا پانی میں جا گرا۔عینی شاہدین کے مطابق، طیارے نے لینڈنگ کے دوران ایک سروس وہیکل (گراؤنڈ سروس گاڑی) سے ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ایک پہیہ اڑ گیا۔ گاڑی میں سوار دو ایئرپورٹ ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ہانگ کانگ ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں فضائی عملے کو بخیریت ریسکیو کر لیا گیا ہے اور انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی سروسز کو متحرک کر دیا گیا اور رن وے عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔Flightradar24 کے مطابق، لینڈنگ کے بعد طیارے کا ٹریک واضح طور پر بائیں جانب تیز موڑ کھاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، جو رن وے کی حالت، لینڈنگ کے وقت کے موسمی حالات، اور طیارے کے بریکنگ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، بوئنگ 747-481 (رجسٹریشن نمبر TC-ACF) ایک فریٹر کارگو طیارہ تھا جو ایمریٹس اسکائی کارگو کے تحت آپریٹ ہو رہا تھا۔ طیارہ کئی ٹن کارگو سامان لے کر ہانگ کانگ پہنچا تھا۔ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔مزید تحقیقات کے بعد حادثے کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں حتمی رپورٹ جاری کی جائے گی۔