نیو یارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر دونوں جانب کے وزراء اور سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال اور غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔شیخ عبد اللہ بن زاید نے غزہ میں خونریزی کو فوری طور پر روکنے، مستقل اور پائیدار جنگ بندی قائم کرنے اور شہریوں کو درپیش ہولناک حالات کے خاتمے پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی جانوں کے مزید ضیاع کو روکنے اور بلا تعطل امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس ملاقات پر اسرائیلی حکومت کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ زمینی کارروائیوں میں آج بھی 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیلی زمینی چڑھائی کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس سے عام شہریوں کی زندگیاں مزید خطرات کی زد میں ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 65 ہزار 549 فلسطینی شہید اور 167 ہزار 518 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

بحری سرحدوں کی محافظ،پاکستان نیوی

Shares: