سیالکوٹ ،باغی ٹی وی ( شاہد ریاض کی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے کہا ہے کہ شہری اور تاجر 48 گھنٹوں کے اندر اپنی تجاوزات از خود ہٹا دیں، بصورت دیگر تجاوزات کو مسمار اور سامان ضبط کرلیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے آج مرکزی انجمن تاجراں، ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان سے انسداد تجاوزات مہم کے سلسلہ میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری شیخ جاوید حیدر، سنئیر نائب صدر شمیم خان لودھی، صدر انجمن تاجران سیٹھی پلازہ میاں شمس، نمائندہ ایوان صنعت و تجارت رانا ندیم، سی او ضلع کونسل الفت شہزاد، سی او ایم سی ایس ملک افضل، سی او ایم سی پسرور اسد شاہ اور ٹریف انسپکٹر اسد بٹ نے شرکت کی جبکہ چاروں تحصیلوں اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیز کے ایڈمنسٹریٹر بذریعہ وڈیو لنک شریک ہونگے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے مرکزی انجمن تاجران اور ایوان صنعت و تجارت کے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کی نشاندھی کریں تاکہ ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنایا جاسکے۔
ڈی سی نے ضلعی کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹی کے عملہ تہہ بازاری کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی حدود میں تجاوز کنندگان کو متنبہ کریں کہ وہ 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن کے اندر اپنی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ہٹا دیں بصورت دیگر کارروائی کیلئے تیار رہیں۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور بلدیاتی اداروں کے مقامی سربراہان کو ہدایت کی وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق تجاوزات کا بلا امتیاز خاتمہ یقینی بنائیں اور کسی سے رو رعایت نہ برتی جائے۔








