ڈیرہ غازی خان: عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات، رہائشیوں کی انتظامیہ سے کارروائی کی اپیل

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوزرپورٹر شاہد خان) یو سی 17 کی کالونی عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات نے رہائشیوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر گلیوں میں بڑے بڑے گٹر اور دروازوں پر سیڑھیاں بنا کر راستے بلاک کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف موٹرسائیکل بلکہ پیدل گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

عبداللہ ٹاؤن کی گلی نمبر ایک میں 5 فٹ چوڑا گٹر پہلے ہی گلی کے اوپر موجود تھا لیکن اس کے ساتھ 4 فٹ کی اضافی سیڑھی تعمیر کر کے گلی مکمل طور پر بلاک کر دی گئی۔ ہمسایوں کے اعتراض کے باوجود مالک مکان نے زبردستی یہ تجاوزات اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں اور احتجاج کرنے والے پڑوسیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جو کرنا ہے کر لیں۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق عبداللہ ٹاؤن میں یہ تجاوزات ایک معمول بن چکی ہیں، جہاں لوگ اپنی سہولت کے لیے گلیاں بند کر دیتے ہیں، بغیر اس کے کہ ان کے ہمسائے کس قدر پریشان ہوں۔ اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے علاقے کے رہائشیوں، حیدر علی، محمد افضل، محمد کاشف اور محمد ارسلان نے باغی ٹی وی کے ذریعے ٹی ایم اے کے سی ای او جواد الحسن گوندل سے اپیل کی ہے کہ وہ عبداللہ ٹاؤن کا دورہ کریں۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا ہے لیکن عبداللہ ٹاؤن میں اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے گلیوں میں تعمیر شدہ گٹر اور غیر قانونی سیڑھیوں کو ہٹایا جائے تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.