اسلام آباد (باغی ٹی وی) محکمہ موسمیات نے ملک میں طویل خشک سالی کے خاتمے کی نوید سنا دی، 19 اور 20 فروری کو ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کی طرف جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق 19 سے 21 فروری کے دوران دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گوانچے، شگر سمیت کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں وقفے وقفے سے بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا:
19 اور 20 فروری کو چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ، وزیرستان، باجوڑ، خیبر، کرم، بنوں سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے۔
پنجاب و اسلام آباد:
19 سے 21 فروری کے دوران مری، گلیات میں برفباری جبکہ اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، گجرات، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں ملتان، ڈی جی خان، لیہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان:
18 اور 19 فروری کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، ہرنائی میں بارش اور برفباری ہوگی۔
سندھ:
زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، استور، ہنزہ، وادی نیلم سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک میں خلل کا خدشہ ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ موجود ہے۔اسی طرح 19 اور 20 فروری کی رات خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارش کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر بارانی علاقوں میں،بارش کے بعد میدانی علاقوں میں دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔