اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزراء پلاننگ اور سائنس و ٹیکنالوجی کو انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 پر عملدرآمد کے لیے خطوط تحریر کیے ہیں۔
ان خطوط میں سردار اویس لغاری نے بلڈنگز کے حوالے سے توانائی کے غیر فعال استعمال کو کم کرنے اور انرجی کی بچت کے اصولوں کو عوام اور حکومت کے مفاد میں نافذ کرنے پر زور دیا۔وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے خط میں کہا کہ عمارات میں انرجی کے غیر فعال استعمال کی وجہ سے نہ صرف توانائی کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ اس کا براہ راست اثر عوام کے بجلی کے بلوں پر بھی پڑتا ہے۔ انرجی کے مؤثر استعمال سے نہ صرف توانائی کے خرچ میں کمی آئے گی بلکہ بجلی کے بلوں میں بھی کمی متوقع ہے۔وفاقی وزیر نے اپنی تجویز میں کہا ہے کہ انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 پر عملدرآمد کے لیے دو نکاتی اسٹریٹجی تیار کی جائے
موجودہ عمارات کے متعلق قوانین کو ازسرنو انرجی بچت کے کوڈز 2023 کی روشنی میں ترویج دی جائے۔
سالانہ ڈویلپمنٹ پلان میں ان انرجی بچت کوڈز 2023 کو پبلک سیکٹر کے تعمیراتی منصوبوں میں ترجیح دی جائے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز کو وفاقی کابینہ اور نیشنل اکنامک کونسل کے فورم سے منظور کیا جا چکا ہے، اور اب اس پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔سردار اویس لغاری نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ انرجی بچت کے اقدامات نہ صرف توانائی کے بلوں میں کمی کا باعث بنیں گے بلکہ گرمیوں میں پیک آورز کے دوران بجلی کی طلب پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گرمیوں میں پیک آورز کا دورانیہ 60 سے 80 گھنٹے ہوتا ہے، اور ان گھنٹوں کے دوران بجلی کی زیادہ طلب ہوتی ہے، جس کی وجہ سے اضافی پاور پلانٹس کو سسٹم میں شامل کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ ان پاور پلانٹس کا استعمال صرف گرمیوں میں زیادہ ہوتا ہے اور سال کے باقی حصے میں ان کی ضرورت کم ہوتی ہے۔ ان پاور پلانٹس کے استعمال کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافی بوجھ پڑتا ہے، جس کا اثر عوام پر پڑتا ہے۔ انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 کے ذریعے ان اضافی بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے۔سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈز 2023 پر عملدرآمد کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ توانائی کے وسائل کے غیر ضروری ضیاع کو بھی روکا جا سکتا ہے، جس سے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر مصدق ملک نالائق انسان،گیس تیل کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن
پی ٹی آئی حکومت میں فتنہ الخوارج کی واپسی کی راہ کیسے ہموار کی گئی؟








