ننکانہ صاحبٰ(باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی میں یومِ ماحولیات پر پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کی مہم
بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب میں عالمی یوم ماحولیات جوش و خروش سے منایا گیا، جس کا مرکزی موضوع "پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” تھا۔ اس مناسبت سے یونیورسٹی میں سیمینار، پوسٹر نمائش، آگاہی واک اور طلبہ کی عملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ممتاز ماحولیاتی ماہرین نے شرکت کی، جن میں فوزیہ اکرم (ڈپٹی ڈائریکٹر، انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی)، پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، ڈاکٹر سمیرا نعیم، ڈاکٹر مدثر حسن، ڈاکٹر عدیل غفار اور ڈاکٹر عفیفہ یونس شامل تھے۔ مقررین نے ماحولیاتی آلودگی خصوصاً پلاسٹک کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے پائیدار طرزِ زندگی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماحول دوست پالیسیوں، زمینی و فضائی آلودگی سے تحفظ، اور پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز پر تفصیلی خطاب کیا۔
سیمینار کے بعد طلبہ نے "پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ” کے موضوع پر پوسٹر نمائش کا انعقاد کیا، جس میں تخلیقی انداز میں ماحولیاتی پیغامات کو اجاگر کیا گیا۔ نمائش کو مہمانانِ خصوصی نے خوب سراہا۔
ایک خصوصی سرگرمی میں طلبہ نے پلاسٹک کے متبادل ماحول دوست اشیاء کی ترویج کی اور سنگل یوز پلاسٹک کے خطرات سے آگاہی دی۔ یوم ماحولیات کی تقریبات کا اختتام ایک آگاہی واک پر ہوا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک میں شریک افراد نے پلے کارڈز کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیا اور سرسبز پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔