سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے سانحہ سوات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ڈسکہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے دریائے سوات کنارے واٹر ریسکیو سنٹر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد کے ہمراہ حافظ طلحہ سعید نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آنکھوں کے سامنے خاندان کے افراد کا سیلاب میں بہہ جانا انتہائی کربناک اور المناک لمحہ ہے، جو پوری قوم کو جھنجھوڑ دینے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کرتی، لیکن مجرمانہ غفلت کے باعث یہ اندوہناک سانحہ پیش آیا، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

حافظ طلحہ سعید نے کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ سے عافیت مانگیں اور ان آزمائشوں کے وقت متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ اسی سلسلے میں دریائے سوات کے کنارے واٹر ریسکیو سنٹر قائم کیا جا رہا ہے جہاں 24 گھنٹے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہو گا تاکہ آئندہ اس نوعیت کے سانحات سے بچا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ سانحہ سوات پر سیاست کرنے کے بجائے حکمرانوں کو سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس سانحے کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی مجرمانہ غفلت کی جرات نہ ہو۔

حافظ طلحہ سعید نے بتایا کہ سانحہ میں ڈوبنے والوں میں ڈاکٹر عبدالرحمان کے خاندان کے 10 افراد شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل بیان اور ناقابل برداشت غم ہے، ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور پاکستان کو ایسے مزید سانحات سے محفوظ رکھے۔

Shares: