حیدرآباد(باغی ٹی وی)پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں، موجودہ تقسیم انگریز دور کی پیداوار ہے: خالد مقبول صدیقی
تفصیل کے مطابق حیدرآبادمیں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے KKF اسپتال کا دورہ کیا، جہاں راجپوت برادری کے زیر اہتمام "مسکراہٹ کیمپ” میں پیدائشی طور پر متاثرہ بچوں کے مفت آپریشن کیے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے طبی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹروں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "ہم سندھ حکومت کا نہیں بلکہ وفاق کا حصہ ہیں، مگر مردم شماری کے مطابق فنڈز نہیں دیے جا رہے۔ اگر عوامی خدمت میں ہمارا تعاون درکار ہے تو ہمیں بھی اس عمل میں شامل کرنا ہوگا۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد میرپور خاص یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا تاکہ تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
چیف جسٹس سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں کوئی دعوت موصول نہیں ہوئی، اگر ملاقات کے پیچھے سیاسی مقاصد ہوئے تو ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے، مگر عوامی فلاح کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ہم سے ملنا ہوگا۔”
مزید برآں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ "پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں کیونکہ موجودہ انتظامی تقسیم انگریز دور کی پیداوار ہے، جس میں تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے۔”
اس موقع پر اسپتال انتظامیہ، راجپوت برادری کے نمائندگان اور معززین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے مفت علاج کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔