میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ )میرپورخاص سے منتخب ہونے والے سابق آزاد رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ کی رہائشگاہ پر این اے 211 کے الیکشن کے حوالے سے منتظمین اور میرپورخاص کی عوام اور مختلف کمیونٹی کے افراد سے رائے طلب کرنے کے لئے ایک اجلاس انعقاد پذیر ہوا ، اجلاس میں موجود افراد سے سید علی نواز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا ماضی حال سب کے سامنے ہے میرپورخاص کے شہریوں کے لئے بڑھ چڑھ کر ترقیاتی کام کرائے جبکہ میں سرکاری رکن اسمبلی نہیں تھا ،

ان کا کہناتھاکہ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ 15 سال اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ 30 سال مسلسل کام کر چکا ہوں اس دوران جیل کی صعوبتیں ڈنڈے ،لاٹھیاں اور اس وقت کے حکمرانوں کے دور کی سختیاں بھی برداشت کی ہیں ،مگر آج جو پیپلز پارٹی پر ٹولہ قابض ہو چکا ہے اس ٹولے نے تو ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی پر مٹھائی تقسیم کی تھی محترمہ نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو تنہا چھوڑ دیا تھا ۔پہلے بھی کہا تھا آج بھی کہتا ہوں کہ ذوالفقار علی بھٹو محترمہ بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے وارث ہم ہیں

آج پیپلز پارٹی کے امیدوار اگر ووٹ مانگنے لوگوں کے پاس جا رہے ہیں تو لوگ انہیں اپنی اوطاقوں سے بھگا رہے ہیں ان سے اس قسم کے سوالات کئے جا رہے ہیں کہ جس کا وہ جواب نہیں دے سکتے ، علی نواز شاہ نے عوام کو شعور دیا ہے میرپورخاص کی عوام نے سر اٹھانا سیکھ لیا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ ہارنا جیتنا تو نصیب کی بات ہے سب اللہ کی طرف سے ہے ، پیپلز پارٹی کے امیدواروں سے عوام کے سوال جواب اور انہیں اپنے گھروں سے بھگانے کا عمل دیکھ کر سمجھ میں آتا ہے کہ عوام علی نواز شاہ کے حق میں فیصلہ دے رہی ہے ،

سید علی نواز شاہ نے کہا کہ کچھ لوگ میرے پاس آکر کہتے ہیں کہ آپ کتنی جگہ سے الیکشن لڑو گے ، اگر جیت گئے تو ایک سیٹ رکھ کر باقی نشستیں چھوڑنا ہوں گی میں ان کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ میں بار بار ان سیٹوں پر الیکشن لڑوں گا،

اس موقع پرپی ایس 47 کے امیدوار اور سید علی نواز شاہ کے فرزند سید شجاع محمد شاہ نے کہا کہ میں نے اپنے بزرگوں سے سچ اور ایمانداری سیکھی ہے ہمارا خاندان امانت میں خیانت نہیں کرتا ،ہمیں میرپورخاص ڈویژن کی عوام ووٹ دیتی ہے ووٹ ایک قومی امانت ہے آپ درست سمت میں اس کا استعمال کریں میر پور خاص شہر کا ایک دورہ کریں علاقہ مکینوں سے احوال لے لیں اور پھر حق بجانب فیصلہ کریں ، اگر پیپلز پارٹی نے کوئی کام کیا ہے تو انہیں ووٹ دیں

ہم نے پیپلزپارٹی کے مقابلے میں عوام کی صحیح طور پر خدمت کی ہے تو پھر ہمیں خدمت کا دوبارہ موقع دیں ہمیں منتخب کریں 8 فروری کو تالے پر مہر لگائیں انشاءاللہ 8 فروری کا سورج ظالموں ،منافقوں، رشوت خوروں اور کرپشن میں ملوث سابقہ حکمرانوں کی شکست کا اعلان کرنے کے لئے طلوع ہوگا اور انشاءاللہ وہ 8 فروری کو غروب آفتاب سے پہلے عبرت ناک شکست سے دو چار ہو جائیں گے۔

اس موقع پرجاویداحمد خان پاپا ،چوہدری اشرف، حاجی محمد علی سموں، چراغ بلوچ، یو سی چیئرمین یاسین بلوچ، جنرل کونسلر زبیر گدی ،سلیم قائم خانی جیون ایڈوکیٹ، جنرل کونسلر کاشف اقبال، جنرل کونسلر سید لیاقت علی شاہ، انجمن تاجران کے کامران میمن ،نواب قریشی، فقیر نصیر خاصخیلی ،عبدالعزیز بنگلانی ،سلیم میمن ،محسن علی شاہ ،پروفیسر حمید شیخ، محمد علی لغاری، اللہ بچایو مہر ،کونسلر فیصل میئو راجپوت اور کونسلر فرخ میئو اور راجپوت حسین بخش خمیسانی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں علی نواز شاہ کی قیادت پربھرپور اعتماد ہے

علی نواز شاہ نے ماضی میں بھی ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے اور انشاءاللہ تعالی آئندہ بھی بھرپور طریقے سے ترقیاتی کام کرائیں گے ، اجلاس میں الیکشن مہم چلانے کے لائحہ عمل طے کیا گیا، جب کہ سب سے پہلے اجلاس میں میرپورخاص میں کار ایکسیڈنٹ میں انتقال کر جانے والے سید بابو شاہ کے فرزند سید اشہد شاہ کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی . جبکہ اجلاس کی کوریج میرپورخاص کی مشہور سوشل میڈیا ٹیم صدائے حق پاکستان کےسید شاہزیب شاہ ،حیات قریشی ،محمد علی بھرگڑی، احتشام قریشی ،سید شاہ زیب شاہ اور منیب قریشی ودیگر نمائندوں نے کی.

Shares: